دو روزہ اسپورٹس فیسٹیول — دوسرا روز

گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کوئٹہ کینٹ میں منعقدہ دو روزہ اسپورٹس فیسٹیول کے دوسرے روز مختلف کھیلوں اور دلچسپ مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں ہک ریس، سلو ریس، 100 میٹر ریس اور 200 میٹر ریس شامل تھیں۔ طالبات نے ان مقابلوں میں بھرپور جوش و خروش اور دلچسپی کے ساتھ حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔

اس موقع پر پرنسپل کالج پروفیسر صباحت عظمت اللہ مہمانِ خصوصی تھیں، جبکہ وائس پرنسپل ڈاکٹر حمیرا سدوزئی اور کالج کے اساتذہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

اسپورٹس فیسٹیول کی خاص بات طالبات اور اساتذہ کے رسہ کشی کے دلچسپ مقابلے تھے۔ اس کے علاوہ اساتذہ نے سلو ریس اور میوزیکل چیئرز میں بھی حصہ لیا اور خوب لطف اندوز ہوئیں۔ ان سرگرمیوں نے کالج کے ماحول کو خوشگوار، پرجوش اور مسرت سے بھرپور بنا دیا۔

تقریب کے اختتام پر پرنسپل پروفیسر صباحت عظمت اللہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ موجودہ دور میں طالبات کے لیے تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لینا بھی بے حد ضروری ہے۔ اس طرح کے پروگرام نہ صرف طالبات کو ذہنی سکون اور تازگی فراہم کرتے ہیں بلکہ ان میں خود اعتمادی، نظم و ضبط، ٹیم ورک اور مثبت سوچ کو بھی فروغ دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خصوصاً نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے اور ان کی صلاحیتوں کو مثبت سمت دینے کے لیے ایسی صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ طالبات کی بھرپور دلچسپی اور جوش و جذبے کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کالج میں مستقبل میں بھی وقتاً فوقتاً اس طرح کے کھیلوں اور تفریحی پروگراموں کا انعقاد کیا جاتا رہے گا۔

یوں دوسرے روز کی سرگرمیاں بھی خوشگوار ماحول، بھرپور شرکت اور یادگار لمحات کے ساتھ کامیابی سے اختتام پذیر ہوئیں۔