دو روزہ اسپورٹس سرگرمیاں
گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج کوئٹہ کینٹ میں طالبات کی ذہنی و جسمانی نشوونما، تفریح اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے دو روزہ اسپورٹس سرگرمیوں کا آغاز کیا گیا۔
ان سرگرمیوں کے پہلے روز والی بال کے دلچسپ مقابلے منعقد کیے گئے، جن میں طالبات نے بھرپور جوش و خروش اور کھیل کے جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔
والی بال کا مقابلہ ریڈ ٹیم اور گرین ٹیم کے درمیان کھیلا گیا، جس میں ریڈ ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کی۔ ریڈ ٹیم ونر جبکہ گرین ٹیم رنر اَپ قرار پائی۔ دونوں ٹیموں کا تعلق کوئٹہ گرلز کالج سے تھا۔
اس پروگرام کی مہمانِ خصوصی پرنسپل محترمہ پروفیسر صباحت عظمت اللہ صاحبہ تھیں۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ طالبات کی تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور غیر نصابی سرگرمیوں میں شرکت بھی نہایت ضروری ہے۔ اس طرح کی سرگرمیاں طالبات کی جسمانی صحت، ذہنی تازگی، خود اعتمادی، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کو فروغ دیتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسی مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کو کالج کے سالانہ پروگرام کا لازمی حصہ بنایا جانا چاہیے تاکہ طالبات کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع میسر آ سکیں۔
مقابلوں کے دوران امپائرنگ اور ٹیم مینجمنٹ کے فرائض پروفیسر شہلا گل، ہیڈ آف فزیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، اور مس نرگس خان، فزیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے خوش اسلوبی سے سرانجام دیے۔
دو روزہ اسپورٹس سرگرمیوں کا پہلا دن خوشگوار، پرجوش اور صحت مند کھیلوں کے ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔
