یومِ اقبال تقریب گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کوئٹہ کینٹ
مورخہ 12 نومبر کو گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کوئٹہ کینٹ میں شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ کی ولادت کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا اہتمام شعبہ اردو نے انتہائی احسن اور شاندار طریقے سے کیا۔ تقریب کا مقصد طالبات کو فکرِ اقبال سے روشناس کرنا اور ان کی ملی و قومی شناخت کو اجاگر کرنا تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معزز پرنسپل محترمہ صباحت عظمت صاحبہ، وائس پرنسپل محترمہ حمیرہ سدوزئی صاحبہ اور محترمہ رضیہ شہی صاحبہ نے علامہ اقبال کی حیات، افکار اور فلسفۂ خودی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے طالبات کو اقبال کے شاہین بننے اور ان کے ملی پیغامات کو عملی زندگی میں اپنانے کی تلقین کی۔
تقریب کے دوران طالبات نے علامہ اقبالؒ کے کلام اور فکر کو خوبصورت انداز میں پیش کیا۔
حکیمِ امت کی زندگی اور فلسفے پر ایک معلوماتی ڈاکیومنٹری دکھائی گئی، جبکہ نظم “خضر راہ” پر پیش کیے گئے ٹیبلو نے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔
طالبات نے علامہ اقبال کی شاعری اور پیغام پر بہترین اردو تقاریر کیں۔ اس کے علاوہ تقریب کی علمی دلچسپی کو بڑھانے کے لیے ایک کوئز مقابلہ (Quiz) بھی منعقد کیا گیا۔
تقریب کا اختتام علامہ اقبالؒ کی مشہور مناجات و دعا “یا رب دلِ مسلم کو” کے پُرتاثیر کلام اور دعائیہ کلمات کے ساتھ ہوا۔ یہ تقریب طالبات اور اساتذہ کے لیے فکری اور روحانی اعتبار سے انتہائی یادگار اور کامیاب ثابت ہوئی۔
